راولپنڈی میں خفیہ ادارے کے آفیسر بن کر کال سینٹرز سے بھتہ لینے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر چینی باشندے سے شادی کرنے والی خاتون نے تھانہ چکلالہ میں درج کرائی ہے۔
مدعیہ کے مطابق اس نے چینی باشندے سے شادی کر رکھی ہے اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کال سینٹر چلاتے ہیں۔ کال سینٹر پر فواد احمد نامی شخص آیا اور ڈرا دھمکا کر 20 لاکھ روپے بھتہ وصول کیا۔ ملزم نے اپنے دوست علی جان اویس کا تعارف انٹیلی جنس آفیسر کے طور پر کروایا۔
ملزم فواد نے چکلالہ میں علی جان اویس سے ملاقات کروائی، جس نے 60 لاکھ روپے بھتہ مانگا۔ ملزمان نے کہا کہ پیسے ملنے کے بعد ہمیں کوئی بھی ادارہ تنگ نہیں کرے گا۔ کال سینٹر کے مالک چینی باشندے نے رقم ملزمان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی لیکن وصولی کے بعد بھی ملزمان اپنے دوستوں کو انٹیلی جنس اہلکار بنا کر کال سینٹر بھیجتے رہے۔ اب ملزمان موبائل نمبر بند کرکے غائب ہو گئے ہیں۔





















