کراچی میں بزنس فورم کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کا کہنا تھا کہ عازمین حج کیلئے پروازوں کے کرایوں میں کمی کے بارے میں فضائی کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، پاکستان میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ آنیوالا حج پچھلے حج سے سستا ہو۔
نگران وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ 90 ہزار حجاج کو مفت انٹرنیٹ پیکیج کے ساتھ موبائل سم دیں گے، حجاج کو کیو آر کوڈ کے ساتھ سوٹ کیس بھی دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ روڈ ٹو مکہ پروگرام کے کراچی سے جانے والے حجاج کا امیگریشن بھی کراچی میں ہی ہوگا، امید ہے 9 مئی سے پہلے لاہور کو بھی روڈ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کر لیا جائے گا۔
نگران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حج درخواستوں اور انتظامات کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ایک ایپ متعارف کرائی گئی ہے، حکومت خواتین عازمین حج کیلئے عبایہ فراہم کرے گی جس پر پاکستانی جھنڈا بنا ہوگا، جس سے ان کی شناخت آسان ہوجائے گی۔
نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ اسلام میں غیر مسلموں سے تجارت منع نہیں، پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیکس ملٹی نیشنل کمپنیاں دیتی ہیں، جذبات میں ہمیشہ حکمت کو غالب رکھنا چاہئے، حکیمانہ انداز ہونا چاہئے، خیال رہنا چاہئے کہ جذبات میں ملک اور ریاست کو نقصان نہ پہنچے۔