قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈکپ میں خرا ب کارکردگی کے بعد پی سی بی نے بڑے اقدامات کرتے ہوئے کئی لوگوں کی نوکریاں ختم کر دی ہیں جبکہ بابراعظم نے کپتانی بھی چھوڑ دی تاہم اب سابق پاکستانی کھلاڑیوں کو ذمہ داریاں دینے کا سلسلہ جاری ہے ۔
پی سی بی ذرائع نے سماء نیوز کو بتایا کہ پاکستان کے سابق جادوئی سپن باولر سعید اجمل کو بھی کوچنگ سٹاف میں جگہ دیئے جانے کا امکان ہے ، انہیں پاکستان ٹیم کا عبوری سپن باولنگ کوچ لگانے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے ۔سابق کرکٹر سعید اجمل سے ذکاء اشرف کی ملاقات میں معاملات طے پاگئے، سعید اجمل آسٹریلیا سیریز سے سپن باولنگ کوچنگ کا کام شروع کرینگے،سعید اجمل پاکستان ٹیسٹ کیمپ میں بھی کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرینگے۔
سعید اجمل 35 ٹیسٹ، 113 ون ڈے اور 64 ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں،سعید اجمل انٹرنیشنل کیرئیر میں 400 سے زائد وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہناہے کہ سعید اجمل کو دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیلئے کوچنگ کی آفر کی گئی ہے لیکن سعید اجمل نے اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے دو سیریز کیلئے کوچ کا عہدہ نہ لینے کا جواب دیا ہے ۔سعید اجمل نے اس کی وجہ بیان کی ہے کہ وہ کئی سارے کنٹریکٹس کر چکے ہیں اس لیے کوچنگ کیلئے کنٹریکٹس چھوڑنے پڑیں گے ۔