پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیر انوار الحق کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک جمعرات یا جمعہ تک پیش کیئے جانے کا امکان ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے مستقبل میں بیرسٹر سلطان محمود کو صدر آزاد کشمیر قبول کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی وزیر اعظم انوارالحق کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک آئندہ دو روز تک پیش کرے گی جبکہ وزارت عظمی کے امید وار کیساتھ ہی کابینہ تشکیل کیلئے بھی مشاورت ہو رہی ہے، وزیراعظم کے انتخاب کے ساتھ ہی کابینہ کا بھی اعلان کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے پاس واضع اکثریت ہے، مسلم لیگ کی حمایت کے بعد 36 ووٹ ہیں، وزارت عظمی کےامید وارکا نام قبل ازوقت سامنے نہ لانے کی حکمت عملی اپنائی جائے گی ۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود سے کئی سال بعد رابطے بحال ہو گئے ، گزشتہ روز فریال تالپور نے بھی صدر آزاد کشمیر سے کشمیر ہاؤس میں ملاقات کی ، پیپلز پارٹی نے مستقبل میں بیرسٹر سلطان محمود کو صدر آزاد کشمیر قبول کرلیا ۔ بیرسٹر سلطان محمود کو صدر ریاست کے عہدے سے نا ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بیرسٹرسلطان محمود کے بیٹے رکن اسمبلی یاسر سلطان بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہو چکے ہیں ، بیرسٹر سلطان پیپلز پارٹی کے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر رہے پھر پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے تھے۔






















