کراچی میں پولیس کے ہاتھوں مبینہ تشدد سے جاں بحق عرفان بلوچ کی نمازجنازہ آبائی علاقے میں ادا کردی گئی۔
عرفان بلوچ کی نماز جنازہ میں سیاسی وسماجی مذہبی شخصیات اورعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، انکی نماز جنازہ احمد پور شرقیہ کے علاقہ بیٹ احمد میں ادا کی گئی ۔۔
نماز جنازہ میں ہر آنکھ اشکبار تھی،عرفان بلوچ کے لواحقین نے واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کردیا۔
دوسری جانب پولیس حکام نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کیس کی تفتیش ایف آئی اے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے،ایس آئی یو کے اضافی چارج سنبھالنے والے ایس ایس پی اے وی ایل سی امجد شیخ کے مطابق کیس کی تفتیش ساؤتھ پولیس سے ایف آئی اے منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔انکے مطابق منصفانہ تحقیقات کے لیے کیس ایف آئی اے کے سپرد کیا جائے گا۔
انکا مزیدکہنا تھا کہ ملزم سمیت مقدمے کا مکمل ریکارڈ پیر کو ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے گا جس کے بعد پیر سے ایف آئی اے کیس کی تفتیش کرے گی۔
واضح رہے کہ عرفان نامی نوجوان کو بدھ کے روز حراست میں لیا گیا تھا اور آئی او کی جانب سے جمعرات کے روز 7 بجے کے قریب اہل خانہ کو عرفان کی موت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا۔






















