پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز بیٹر محمد یوسف نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں بھارت کے جیتنے کی پیشگوئی کر دی۔
سماء کے پروگرام ’ زور کا جوڑ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد یوسف کا کہنا تھا کہ رواں میگا ایونٹ کے دوران پہلے سے نظر آرہا تھا کہ بھارت فائنل کھیلے گا، وہ جتنی مشکل ٹیم ہے اور جتنی انہوں نے محنت کی ہوئی ہے وہ ایک چیمپین ٹیم نظر آرہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں۔ ورلڈ کپ 2023، دنیائے کرکٹ کے حکمران کا فیصلہ آج ہوگا
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ لوگ جسپریت بمراہ سے ڈر رہے تھے لیکن محمد شامی نے سب کو ڈیمج کر دیا، جسپریت بمراہ ، محمد شامی اور محمد سراج تینوں نے زبردست باؤلنگ کی جبکہ کلدیپ اور جڈیجہ نے سپن میں بہترین کارکردگی دکھائی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کی فیلڈنگ بھی ٹاپ پر ہے باقی بیٹنگ میں وہ ہمیشہ سے اچھے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ کریڈٹ بھارتی کپتان روہت شرما کو جاتا ہے جو اوپننگ پر آ کر ایک ٹیون سیٹ کرتے ہیں ان کے علاوہ صاف نظر آرہا ہوتا ہے کہ ویرات کوہلی کے ارد گرد پوری ٹیم نے چلنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فائنل معرکے میں 70 سے 80 فیصد تک بھارت کے جیتنے کے چانسز ہیں اگر بھارت کا برا ہی دن ہوا تو وہ ہارے گی ورنہ یہ میچ ون سائڈڈ بھی ہو سکتا ہے۔