وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقوں میں خوارج گل بہادر گروپ کے مصدقہ کیمپوں کو نشانہ بنایا ، پاک افغان سیز فائر کے دوران خوارج نے پاکستان کے اندر متعدد دہشت گرد حملوں کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائیوں میں ایک سو سے زائد خوارج ہلاک کر دیئے ۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں عطا تارڑ نے بتایا کہ گل بہادر گروپ کے خوارج نے شمالی وزیرستان میں ایک گاڑی میں نصب بارودی مواد سے حملہ کیا جس میں ایک فوجی جوان اور چند شہری شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے ، گل بہادر گروپ کے خلاف گزشتہ شب درست اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر حملے کئے گئے ، جن میں کم از کم ساٹھ سے ستر خوارج دہشت گرد اور ان کی قیادت ماری گئی ۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے واضح کیا کہ شہریوں کو نشانہ بنانے کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں یہ الزام تراشی دہشت گرد گروپوں کے لئے ہمدردی پیدا کرنے کے لیے کی جا رہی ہے ۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ افغان سرزمین سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مسئلے کا حل مذاکرات اور افغان حکام کی جانب سےغیرریاستی عناصر پرکنٹرول میں مضمر ہے۔تاہم اپنی علاقائی سالمیت اور عوام کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہر اقدام اٹھانے کا حق رکھتا ہے ، افغانستان سے دہشت گردی کرنے والوں کو چین سے جینے نہیں دیں گے ۔





















