عام انتخابات 2024ء کی تیاریاں زوروں سے جاری ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملکی مبصرین اور میڈیا کیلئے مشاہدے کا طریقۂ کار جاری کردیا۔
ای سی پی کے مطابق مبصرین اور میڈیا کے مشاہدے کیلئے 11 نکاتی طریقۂ کار جاری کیا ہے، جس کے مطابق میڈیا، این جی اوز اور مبصر اداروں کو انتخابی مشاہدے کی اجازت ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان، صوبائی الیکشن کمشنرز اور ڈی آر اوز ایکریڈیشن کارڈز جاری کریں گے، مبصرین ایکریڈیشن کارڈز کی درخواست شیڈول جاری ہونے کے بعد دے سکیں گے، مبصر اداروں کے سربراہان بیان حلفی جمع کرائیں گے، مبصرین کو مکمل بایو ڈیٹا، تصاویر اور شناختی کارڈ کی نقول دینا ہوں گی۔
ای سی پی کے مطابق مبصرین ضابطۂ اخلاق پر عملدرآمد کی تحریری یقین دہانی کرائیں گے اور انتخابی و سیکیورٹی عملے سے تعاون کے پابند ہوں گے، مبصرین اور ان کے ادارے انتخابی عمل پر مشاہدہ رپورٹ الیکشن کمیشن کو جمع کرائیں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری 2024ء کو ملک بھر میں عام انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے تاہم اس کا شیڈول تاحال جاری نہیں کیا گیا۔
مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔