لاہور میٹرو اورنج لائن اور میٹرو بس پر اسکول طلبہ، خصوصی افراد اور بزرگ شہریوں کیلئے 3 ماہ کیلئے مفت سفری سہولت کا اعلان کردیا گیا، یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کو کرایہ ادا کرنا ہوگا۔
پنجاب حکومت نے اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس پر مفت سفر کی سہولت کا اعلان کردیا، اسکول طلبہ، خصوصی افراد اور بزرگ شہری سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے مخصوص افراد کیلئے یہ سہولت تین ماہ کیلئے دستیاب ہوگی تاہم مفت سفر کیلئے چند شرائط لاگو کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بزرگ شہریوں کو شناختی کارڈ ساتھ رکھنا ہوگا، طلبہ کیلئے یونیفارم لازمی اور اسٹوڈنٹ کارڈ دکھانا ہوگا، صرف بارہویں جماعت تک طلبہ مفت سفر کرسکیں گے، یونیورسٹی کے طلبہ کو کرایہ ادا کرنا ہوگا۔
نگران وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد کا کہنا ہے کہ تین ماہ بعد اخراجات دیکھ کر سہولت میں توسیع کا فیصلہ ہوگا۔
طلباء کا کہنا ہے کہ یہ سہولت تمام اسٹوڈنٹس کیلئے مستقل طور پر کی جائے، ساتھ ساتھ ٹوکن سسٹم میں مزید بہتری کی ضرورت ہے، لمبی قطاروں کے باعث اکثر اسکول کالج سے لیٹ ہوجاتے ہیں۔