امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کی سلامتی یقینی بنانے سے متعلق حکمنامے پر دستخط کردیئے۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ قطر پر کوئی بھی حملہ امریکا پر حملہ ہوگا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے قطر کی سرزمین پر کسی بھی حملے کو امریکی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے امریکااپنے اور قطر کے مفادات کے دفاع کے لیے مناسب اقدامات کرے گا۔
بیان کے مطابق قطر کی ریاست نے اہم تنازعات کے حل کیلئے امریکی کوششوں میں ثالث کے طور پر کردار ادا کیا، قطر مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول میں ثابت قدم اتحادی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق کسی حملے کی صورت میں امریکا دفاع اور امن و استحکام کی بحالی کیلئے عسکری، معاشی اور سفارتی اقدام کرے گا۔





















