ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 12 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے ، اب تک مجموعی طور پر 922 افراد جاں بحق اور 1047 زخمی ہوچکے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں جاں بحق ہونے والوں میں دس افراد کا تعلق پنجاب اور دو کا سندھ سے ہے۔ جبکہ زخمی ہونے والے تینوں افراد سندھ کے رہائشی ہیں ۔ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک پنجاب میں 244 ، خیبرپختونخوا میں 544 اور سندھ میں 60 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
بلوچستان میں اموات کی تعداد 26 ، گلگت بلتستان میں 41 ، آزاد کشمیر میں 38 اور اسلام آباد میں 9 ہے۔ مون سون میں سب سے زیادہ متاثرہ خیبر پختونخوا کا ضلع بونیر رہا جہاں 256 افراد جاں بحق ہوئے ۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 38 اموات لاہور میں ہوئیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک پنجاب میں 654 ، خیبرپختونخوا میں 218 ، سندھ میں 81 اور بلوچستان میں 5 افراد زخمی ہو چکے۔ گلگت بلتستان میں باون ، آزاد کشمیر میں 34 اور اسلام آباد میں تین افراد زخمی ہوئے۔ ملک بھر میں مجموعی طور پو 7851 گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ ہلاک ہونے والے مویشیوں کی تعداد 6 ہزار ایک سو چوراسی ہے۔



















