وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنےبیان میں کہا 6 ستمبرشجاعت اوربہادری کا تاریخ سازدن ہے،اس روز شہداء، غازیوں اور قوم نے ملکر پاکستان کو ناقابلِ تسخیربنایا۔
یوم دفاع و شہداء پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کو شاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،دفاع وطن کیلئےجانیں نچھاورکرنےوالےشہداء ہماری آن، بان اور شان ہیں۔
مزید کہامسلح افواج اورقوم کےجذبہ ایمانی نے مکار دشمن کی سازش کے بت پاش پاش کردیئے،وہ دشمن جو جمخانہ میں چائے پینے کے خواب دیکھ رہا تھا،بدترین شکست کھاکر خالی ہاتھ بھاگا،پاکستان کے بہادر سپوتوں کی قربانی نے دشمن کے ٹینکوں کو قبرستان میں بدلا،سلام ان بہادروں پر جنہوں نے جانیں قربان کرکےسرحدوں کو ناقابلِ عبور بنا دیا
محسن نقوی کا کہنا تھاکہ یوم دفاع وشہداء کی عظیم کامیابی کا تسلسل آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی فتح میں ملا ہے،چھ ستمبر اس وعدہ کی تجدید ہے کہ وطن کی حرمت پر کبھی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔






















