کرک کی تحصیل بانڈہ کے علاقہ احمدی بانڈہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایس ایچ او تھانہ بانڈہ عمر نواز اپنے دو سپاہیوں سمیت شہید ہوگئے جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔
تھانہ بانڈہ کے ایس ایچ او عمر نواز اپنی گاڑی میں گشت پر تھے کہ احمدی بانڈہ پیٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے ایس ایچ او عمرنواز اپنے دو سپاہیوں کے ہمراہ شہید ہوگئے جبکہ فائرنگ کی زد میں اکر ایک راہگیر زخمی ہوا۔
واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر ڈی پی او شہباز الہی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لیکر قاتلوں کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی جاری ہے۔
دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ایس ایچ او عمر نواز خان اور دو پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن کرک میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔






















