وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین کی حفاظت کر سکتا ہے۔ بلوچستان میں ہو یا خیبرپختونخوا میں، دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔
نمائندہ خصوصی سماء سے گفتگو میں وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں، افغانستان کے ساتھ مذاکرات بے نتیجہ نکلے ہیں۔ ہماری ایک ہی ڈیمانڈ تھی کہ افغانستان کی سرزمین سے دہشت گردی نہ ہو مگر اس ڈیمانڈ کی وہ کوئی ضمانت دینے کو تیار نہیں تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ افغان سرزمین پر دنیا جہان دہشت گرد کی تنظیمیں موجود ہیں، دہشت گردوں نے صوبے بانٹے ہوئے ہیں۔ کابل حکومت کا کنٹرول سارے ملک پر نہیں ہے۔ طالبان حکومت کے ساتھ کوئی اعتماد کا رشتہ بحال نہیں ہے، اگر افغانستان سے کوئی دہشت گردی ہوئی تو ہم ردعمل کرینگے۔ اگر افغانستان کی سرزمین سے دہشت گردی جاری رہتی ہے تو اس کا جواب بھی دینگے اور سدباب بھی کرینگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ کشیدگی ہی کشیدگی ہے، بھارت کے ساتھ تعلقات جسے جنگ کے وقت تھے اب بھی ویسے ہی ہیں۔ افغانستان کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کی جو بھی پالیسی ہے وہ پاکستان کی ہماری ریاست کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتی،27 ویں ترمیم میں ہمارے نمبر پورے ہیں۔ تمام ترامیم پر اتفاق نہیں ہوسکا ہے کچھ ترامیم ٹراپ کی گئی ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان سے بات چیت ہوچکی ہے۔






















