محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے صوبے میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا ریکارڈ مرتب کرلیا۔
خیبر پختونخوا میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا ڈیٹا سروے مکمل کر لیا گیا ہے جس کی تفصیل بھی جاری کردی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کے مطابق غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا سب سے زیادہ بوجھ ضلع پشاور پر ہے جہاں 17 ہزار سے زائد بغیر کاغذات غیر ملکی مقیم ہیں جبکہ صوبے کے 21 اضلاع میں 23 ہزار 451 افراد بغیر دستاویزات پولیس کے ریڈار پر آئے ہیں جن کا تعلق صرف افغانستان سے ہے۔
ضلع پشاور سب سے زیادہ غیر قانونی مقیم افغانوں کا بوجھ برداشت کررہا ہے جو کہ 17 ہزار 832 تک پہنچ چکے ہیں ۔
پشاورکا دل صدر غیرقانونی افغان باشندوں کا بڑا مرکز ہے جہاں 5 ہزار 892 غیر قانونی مقیم باشندے قانون کی نظروں میں آئے ہیں۔
افغانستان سے متصل ضلع خیبر میں 1522 اور کوہاٹ میں 1229 غیر قانونی افغان باشندے موجود ہیں جبکہ لوئر وزیر ستان میں 607، مہمند میں 356 اور بنوں میں 370 ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔
ہری پور میں 314، ایبٹ آباد 266، ملاکنڈ میں 253، مردان میں 217 اور چارسدہ میں 125 افراد رہائش پذیر ہیں۔
اسی طرح کرم 95، لوئر چترال 76، باجوڑ69، نوشہرہ 36، لکی مروت 32، اپر دیر 18 غیر قاننوی غیر ملکیوں کا بوجھ برداشت کررہےہیں۔
محکمہ داخلہ کی 32 اضلاع کی رپورٹ میں 11 اضلاع غیر قانونی افراد سے پاک ہیں۔