کرتارپور کے قریب دریائے راوی کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے پانی گردوارے میں داخل ہوگیا،پانی کے تیز بہاؤ کے باعث نارووال شکرگڑھ روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
کرتارپورمیں سیلاب کی وجہ سے دو سو سے تین سو لوگ پھنسے ہوئے ہیں،پاک فوج نے ان لوگوں کی ریسکیو اور ریلیف کا کام شروع کردیا ہے،لوکل انتظامیہ کےساتھ مل کرپاک فوج پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لئے کوششوں میں مصروف ہے۔
بھارتی آبی جارحیت سے شکرگڑھ میں کوٹ نیناں کےمقام پر دریائے راوی میں دو لاکھ 50ہزار کیوسک سے زائد ریلہ گزر رہا ہے،جس سے بھیکو چک کےقریب حفاظتی بند میں شگاف پڑگیا،بھیکو چک ،نوشہرہ ،نوگزہ کرتار پور مین شاہراہ منڈی خیل،بھجنہ زیر آب آگئی،جس سے نارووال شکرگڑھ روڈ ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
بارشوں کےباعث دریائے چناب میں مرالہ کےمقام پر انتہائی اونچے درجےکاسیلاب ہے،دریائے چناب مرالہ کے مقام پرپانی کی آمد 7 لاکھ 69 ہزار ہے،اخراج 7 لاکھ 62 ہزار کیوسک ہے،خانکی کے مقام پر پانی کا بہاو 7 لاکھ 5 ہزار کیوسک ہے،دریائے راوی میں جسڑمیں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے،شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 72 ہزار کیوسک ہے۔
بلوکی ہیڈورکس پرپانی کی آمد 79 ہزار،اخراج 67ہزارکیوسک ہے،گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 45 ہزارکیوسک ہے،سلیمانکی کے مقام پر پانی کا بہاو 1 لاکھ کیوسک ہے






















