لاہور کے علاقے رائیونڈ میں معمولی رقم کے تنازع پر ہونے والے جھگڑے نے دو بھائیوں کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق واقعہ 21 اگست کی شام پیش آیا جب واجد اور راشد کی پھل فروش سے 30 روپے کے معاملے پر بحث ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں بدل گئی۔
پھل فروش نے ساتھیوں کو بلا کر دونوں بھائیوں پر ڈنڈوں اور بلوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں واجد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا اور راشد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم، وہ جانبر نہ ہوسکا اور آج جان کی بازی ہار گئی۔
جاں بحق ہونے والا واجد 4 بچوں کا باپ تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مرکزی ملزم سمیت دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
دوسری جانب متاثرہ خاندان نے تمام ملزموں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تشدد کے اس افسوسناک واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کے عمل کو تیز کردیا ہے۔






















