لاہور سمیت پنجاب میں مون سون کے آٹھواں اسپیل میں بارشوں کا سلسلہ 27 اگست تک جاری رہے گا، پی ڈی ایم اے نے شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور دریاؤں میں سیلابی صورتحال بارے الرٹ جاری کردیا۔
لاہور میں مون سون کے آٹھویں اسپیل کی انٹری ہوگئی، صبح سویرے شہر کے بیشتر علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی، جبکہ محکمہ مومسیات نے دن بھر شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کی پیشگوئی کردی۔
رپورٹ کے مطابق مون سون کے آٹھویں اسپیل میں 27 اگست تک بارشیں جاری رہیں گی، جس سے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ہے۔
بارش کے بعد ایم ڈی واسا غفران احمد نے شہر کی اہم شہراہوں اور انڈر پاسز کا دورہ کیا اور نکاسی آب آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایات دیں۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے بالائی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے امکانات سے متعلق ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔
دریائے راوی اور ستلج میں بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد اب دریائے چناب میں بھی سیلابی پانی داخل ہونے پر سیالکوٹ اور گجرات میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔






















