سعودی ایمبسی کے تعاون سے خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد روانہ کردی گئی، اسلام آباد کے سپورٹس کمپلیکس میں اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں سعودی عرب کے سفیر اور وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ شریک ہوئے۔
تقریب کا اہتمام کنگ سلمان ہیومینیٹرین اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے کیا گیا، سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام کے لیے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی فرمانروا اور وزیر اعظم کی ہدایت پر امدادی سامان روانہ کیا جا رہا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عوام اور قیادت مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے دس ہزار فوڈ کٹس اور دس ہزار شیلٹر کٹس این ڈی ایم اے کے حوالے کی ہیں جو متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہوں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور عوام سعودی قیادت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔امداد کا یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک متاثرہ افراد باعزت طریقے سے اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹ جائے۔






















