اسرائیلی فوج کے بعد وزارت دفاع نے بھی غزہ سٹی پر قبضے کے منصوبے کی منظوری دیدی، 60 ہزار ریزرو فوجیوں کی طلبی کا حکم دیدیا گیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع نے غزہ سٹی پر قبضے کے منصوبے کی منظوری دیدی، اس سے پہلے اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی پر قبضے کی منظوری دی تھی۔
اسرائیلی وزارت دفاع نے 60 ہزار ریزرو فوجیوں کی طلبی کا حکم دیدیا، غزہ سٹی پر قبضے کے آپریشن کو ’’چریٹس آف گِدیون بی‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ سٹی پر قبضے کیلئے آپریشن کا کل سے آغاز متوقع ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجیوں میں جنگ کے نئے اعلان کے باعث اضطراب پایا جاتا ہے، ایک تحقیق کے مطابق 25 فیصد صہیونی فوجیوں کا کہنا ہے کہ جنگ سے متعلق ان کا جوش و خروش کم ہوگیا ہے۔
اسرائیلی نیوز ویب سائٹ ’’وائی نیٹ ورک‘‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق مارچ میں سامنے آنیوالے کچھ اعداد و شمار سے یہ بھی پتہ چلا تھا کہ تازہ کارروائی کے اعلان سے قبل اضافی فوجیوں کی بھرتی فوجی قیادت کے مقررہ ہدف سے 30 فیصد کم رہی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اکتوبر 2023 میں بھڑکنے والی جنگ تا حال جاری ہے، اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو پر یہ تنقید بڑھتی جا رہی ہے کہ وہ متعدد سفارتی کوششوں کے باوجود حماس کے ساتھ ایسا معاہدہ کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کے ذریعے یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہو سکے۔
واضح رہے کہ حماس نے قطر اور مصر کی جنگ بندی کی تجویز پر رضامندی ظاہر کردی ہے تاہم صہیونی حکومت کے جواب کا انتظار ہے۔





















