لاہور میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے ایک شہری کو اغواء کرکے بعدازاں، جھوٹے مقدمے میں گرفتار کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
پولیس کی انکوائری رپورٹ کے مطابق 2 کانسٹیبلز نے خود کو کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اعجاز نامی شہری کو اس کے گھر سے اغوا کیا اور دریائے راوی کے قریب لے جا کر سب انسپکٹر فریاد اور اے ایس آئی محمد عاطف کے حوالے کر دیا۔
بعدازاں چاروں اہلکاروں نے شہری کو شاہدرہ ٹاؤن تھانے میں منشیات فروشی کے جھوٹے مقدمے میں پھنسا دیا۔
تاہم، متاثرہ شہری اعجاز نے ضمانت پر رہائی کے بعد معاملے کی شکایت ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کو پیش کی۔
ڈی آئی جی کی ہدایت پر ڈی ایس پی شاہدرہ سرکل نے انکوائری کی جس میں انکشاف ہوا کہ شہری کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا اور چاروں پولیس اہلکار اغوا اور جھوٹے کیس میں ملوث پائے گئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی جس میں 3 افراد کو موٹر سائیکل پر جاتے دیکھا گیا جبکہ موٹرسائیکل ڈرائیور نے پولیس یونیفارم پہن رکھی تھی۔





















