نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سندھ کے مختلف اضلاع میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارش اور ممکنہ سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، حیدرآباد، نوابشاہ، دادو، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔
بارش کا یہ سسٹم اگلے دو سے تین دن تک جاری رہنے کا امکان ہے جو سندھ کے مختلف حصوں میں اچانک سیلاب کا باعث بن سکتا ہے۔
خاص طور پر کراچی، حیدرآباد اور دیگر ساحلی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں سے دور رہیں، نکاسی آب کو یقینی بنائیں اور بجلی کے کھمبوں سے فاصلہ رکھیں۔
ترجمان کی جانب سے مزید رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔






















