محکمہ موسمیات نے آج سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ میئر کراچی کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ادارے متحرک ہیں، رین ایمرجنسی ڈیوٹی پر مامور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔
کراچی میں آج دن میں موسم انتہائی گرم ہے، درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ لیکن سمندری ہوائی بند ہونے کے باعث ریئل فیل 43 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
محکمہ موسمیات نے دن کے اوقات میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے، کہا کہ بارش کا سلسلہ 22 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، مون سون کے اس سسٹم کےتحت کہیں ہلکی تو کہیں تیزبارش ہوسکتی ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ بارشوں کی پیشگوئی کے تناظر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بلدیہ عظمیٰ کراچی، واٹر کارپوریشن، سندھ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام ادارے متحرک ہیں، نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس سے نکاسی کا عمل کیا جائے گا۔
اپنے وڈیو بیان میں میئر کراچی نے کہا کہ رین ایمرجنسی ڈیوٹی پر مامور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، انڈر پاسز کی نکاسی کے نظام کو بھی درست حالت میں رکھا ہوا ہے، برساتی نالوں کی صفائی کا کام مون سون کے اختتام تک جاری رہے گا، اب تک 30 لاکھ 24 ہزار کیوبک فٹ کچرا نالوں سے نکالا جاچکا ہے۔






















