نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ازبکستان اور صومالیہ کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ازبکستان کے وزیر خارجہ سیدوف بختیور اودیلووچ نے ازبک حکومت اور عوام کی جانب سے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے سیلاب سے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔
لازمی پڑھیں۔ اسحاق ڈار سے کویتی وزیر خارجہ کا رابطہ، سیلاب سے نقصانات پر تعزیت
صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسلام عابد علی نے بھی اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کی اور متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دونوں برادر ممالک کی جانب سے حمایت اور یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں دوست ممالک کی ہمدردی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔






















