یوم آزادی پر صدر آصف علی زرداری نے 263 ملکی و غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈز دینے کا اعلان کردیا۔ سماء کی اینکر کرن ناز، کرکٹر شاہد آفریدی، مرحوم نوابزادہ نصر اللہ خان اور وفاقی وزیر اویس لغاری کو بھی اعزازات کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔
صدر مملکت کی منظوری سے اعلان کردہ سول ایوارڈ آئندہ سال 23 مارچ کو تقاریب میں دیئے جائیں گے، شعبہ سائنس میں 6، شعبہ تعلیم میں 18، شعبہ طب میں 5 اور شعبہ فنون میں 22 افراد کو مختلف اعزازات کا حقدار قرار دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق شعبہ ادب کی 20 شخصیات کو سول ایوارڈز دینے کا اعلان کیا گیا، ان میں سینیٹر عرفان صدیقی، عطاء الحق قاسمی، مستنصر حسین تارڑ، اصغر ندیم سید، زہرا نگاہ اور مرحوم تجمل کلیم بھی شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کھیلوں کے شعبے میں کرکٹر شاہد آفریدی، ثناء میر سمیت 10 کھلاڑیوں کیلئے اعزازات کا اعلان کیا گیا، شعبہ صحافت میں 10 افراد کو مختلف ایوارڈ دیئے گئے، جن میں سماء کی اینکر پرسن کرن ناز کیلئے بھی تمغہ امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سماجی خدمات کے شعبے میں نوابزادہ نصر اللہ خان کو بعد از مرگ نشان امتیاز اور مرحوم تاج حیدر کو ستارۂ امتیاز سے نوازا جائے گا۔ بہادری پر 75 افراد کو مختلف اعزازات کیلئے لئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ پاکستان کیلئے خدمات پر 14 غیرملکی شخصیات اور 26 سمندر پار پاکستانیوں کیلئے بھی مختلف اعزازات کی منظوری دی گئی ہے






















