کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ ایس بی سی اے افسران کا کام صرف ٹیبل کے نیچے سے پیسے کمانا ہے۔ ایس بی سی اے حکومت کا سب سے بدنام ادارہ ہے۔ ایس بی سی اے افسران کے لئے جہنم میں بھی خاص جگہ ہوگی۔
رمضان آباد گارڈن ویسٹ میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران عدالتی حکم پر کے ایم سی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے افسران عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے افسران سے استفسار کیا کہ سن 2000 میں عمارت بنی اب تک آپ نے کیا کارروائی کی ہے؟ ایس بی سی اے کے وکیل نے بتایا کہ معاملہ ابھی نوٹس میں آیاہے،عدالتی حکم پرکارروائی کی جائیگی۔
جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہا آپ اپنا کام نہیں کریں گے؟عدالت کے حکم کی ضرورت کیوں ہے؟ کوئی مرتا ہے تو مرے، عدالت حکم دے گی تو آپ کام کریں گے۔
جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہا آپ کاکام صرف ٹیبل کے نیچے سے پیسے کمانا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حکومت کا سب سے بدنام ادارہ ہے۔ ایس بی سی اے افسران کےلئےجہنم میں بھی خاص جگہ ہوگی۔
عدالت نے حکام کو ہدایت کی کہ غیرقانونی تعمیرات کےخلاف کارروائی کریں اوررپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے ایس بی سی اے سے 16 ستمبر تک عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ہے۔






















