وزیراعظم شہباز شریف سیلاب متاثرین کی داد رسی کیلئے گلگت بلتستان پہنچ گئے۔ کہا وفاقی ادارے گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں ۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیر ماحولیاتی تبدیلی نقصانات کا مقابلہ کرنے کیلئے حکمت عملی بنائیں اور فنڈ لے کر آئیں۔ گلگت بلتستان میں جلد دانش اسکول بھی بنائیں گے۔
قبل وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبرخان نے وزیراعظم کو ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔ بتایا کہ سیلاب سے 20 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ وزیراعظم متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کریں۔
وزیراعظم نے بارشوں اورسیلاب میں جاں بحق افراد کے لیے دعا بھی کی۔ شہبازشریف گلگت بلتستان میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور متاثرین میں امدادی رقوم تقسیم کریں گے۔
دوسری جانب گلگت میں سیلاب اوربارشوں کےباعث لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے 14 روز سےجاری سرچ آپریشن ختم کردیا گیا۔ چلاس تھک بابوسر سیلاب میں لاپتہ افراد کا 14 روز بعد بھی کوئی سراغ نہ مل سکا۔ لاپتہ افراد کے بچنے کی امیدیں دم توڑ گئیں۔ سرچ آپریشن ختم کیے جانے کے بعد ریسکیو سرگرمیاں روک دی گئیں۔
ترجمان گلگت بلتستان فیض اللہ کےمطابق شاہراہ بابوسر سے ملبے میں دبی تمام گاڑیاں نکال لی گئی لیکن لاپتہ افراد کا سراغ نہیں مل سکا۔ لاپتہ افراد کی غائبانہ نماز جنازہ اداکردی گئی۔






















