نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ قانون کی عملداری سے مسائل کو حل کریں گے۔ ون نیشن ون لاہی رہے گا،کسی کو غلط فہمی ہے تو دور کرلے۔
گلگت میں امراض قلب اسپتال میں اوپی ڈی کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں پاکستانی انٹیلی جنس کے ذریعے چیزوں کا تجزیہ کریں گے، ملک میں کسی بھی غیرملکی ادارے کو مداخلت کی اجازت نہیں۔
انوارالحق کا کہنا تھا کہ ہمت اور حکمت کے ساتھ غلط فہمیوں کاخاتمہ کریں گے، گلگت بلتستان کے مسائل آئینی طریقے سے حل کریں گے۔ کسی بھی گروہ کو کسی کویرغمال بنانے نہیں دیں گے، لوگوں کے آئینی اختیارات کےلیے جو کاوش ضروری ہوگی کریں گے۔
انوارالحق نے کہا کہ انسان ایک جیسے نہیں ہوتے، تبدیلی کا مرحلہ جاری رہتا ہے، ایک دوسرے کے حقوق کا احترام ضروری ہے، حقوق کےنفاذکی ذمہ داری ریاست کی ہے۔ غلط فہمیوں کی بنیاد پر دوریوں کا خاتمہ ضروری ہے، انسان ایک دوسرے کے حقوق کوتصورنہیں کرتاتوجنگل کانظام ہے۔
نگراں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی وی پرگلگت بلتستان کے مسائل سے متعلق ٹاک شوہوناچاہیے، ایساپلیٹ فارم ہوناچاہیے جس پرگلگت بلتستان کے مسائل اجاگرہوں، قانون کی عملداری سے مسائل کو حل کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو گلگت میں مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والے تمام عناصر کی بروقت نشاندہی اور ان کے خلاف سخت اقدامات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو آئی ٹی، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔