آئی ایم ایف کے مطالبے پر کاروباری ٹرانزیکشنز کی نگرانی کے معاملے میں ایف بی آر کے کمپیوٹرائزڈ سسٹم سے لنک ہونے کیلئے ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ، بڑا کاروباری طبقہ یکم ستمبر سے الیکٹرانک انوائسز کے اجراء کا پابند ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق تمام پبلک کمپنیوں، افراد،ایسوسی ایشن آف پرسنز کیلئے ٹائم لائن مقرر کی گئی ہے ، رجسٹریشن، ٹیسٹنگ اور الیکٹرانک انوائسز کے اجراء کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیاہے ، ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق تمام پبلک کمپنیوں کو 10 اگست تک رجسٹرڈ ہونےکی ہدایت کی گئی ہے ۔
25 اگست تک سسٹم ٹیسٹ، یکم ستمبر سے انوائسز جاری کرنا ہوں گی، سالانہ ایک ارب سے زائد ٹرن اوور والی کمپنیوں کی 10 اگست تک رجسٹریشن ہو گی، تمام امپورٹرز کیلئے رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن 25 اگست مقرر کردی گئی ہے ، امپورٹرز کو بھی یکم ستمبر سے الیکٹرانک انوائسز جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
10 کروڑ سے زائد ٹرن اوور والی کمپنیوں کی رجسٹریشن 10 ستمبر تک ہو گی، ایسی کمپنیوں کو یکم اکتوبر سے الیکٹرانک رسیدیں جاری کرنا ہونگی، اس سے کم ٹرن اوور والی کمپنیوں کیلئے انوائسز کی ڈیڈ لائن یکم نومبر ، 10 کروڑ سے کم ٹرن اوور والے افراد، کمپنیوں کیلئے یکم اکتوبر ، اس کے علاوہ رجسٹرڈ افراد کیلئے رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن 10 نومبر مقرر کر دی گئی ۔ ایسے رجسٹرڈ افراد کو یکم دسمبر سے الیکٹرانک رسیدیں جاری کرنا ہوں گی۔



















