ڈی جی کالجز سندھ کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر کے کالجز میں داخلوں کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا جو 8 اگست تک جاری رہے گا، پہلے مرحلے میں 99 ہزار طلبہ نے داخلہ فارم جمع کروائے، 91 ہزار طلبہ کو 154 کالجز میں داخلے دیدیئے گئے۔
سندھ بھر کے کالجز میں داخلوں کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگیا، جو 28 جولائی سے 8 اگست تک جاری رہے گا۔
ڈی جی کالجز سندھ پروفیسر ڈاکٹر نوید الرب نے بتایا کہ اب تک 99 ہزار طلباء نے داخلہ پالیسی کے تحت آن لائن فارم جمع کروائے ہیں، 8 ہزار فارم مسترد ہوئے، 91 ہزار طلباء کو 154 کالجز میں داخلے دیئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تمام طلبا 8 اگست تک اپنے داخلے کنفرم کریں، 30 ہزار سے زائد طلباء اب تک اپنے داخلے کنفرم کرچکے، میرٹ لسٹ میں تبدیلی نہیں کی گئی، تمام داخلے میرٹ کے مطابق ہوں گے۔
ڈی جی کالجز سندھ نے بتایا کہ 12 ویں جماعت کی کلاسز یکم اگست جبکہ گیارہویں جماعت کی کلاسز 5 اگست سے شروع ہوں گی۔





















