لاہور میں سی سی ڈی کے نام پر پولیس اہلکار وارداتیں کرنے لگے۔ دو افراد کو یرغمال بناکر لاکھوں روپے بٹور لئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے 3 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔
تھانہ رائیونڈ میں تعینات 3 اہلکار کانسٹیبل توقیر ، عاقب اور محمد علی نے دو شہریوں کو حبس بے جا میں رکھا۔ پولیس ملازمین نے خود کو سی سی ڈی کا اہلکار ظاہر کیا اور مغویوں کو جعلی مقابلے میں پارکرنے کی دھمکیاں دیتے رہے۔
ملزموں نے رہائی کے بدلے پچیس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا اور مغویوں پر تشدد کرکے انکی ویڈیوز بھی بنائیں۔ مغوی شہریوں کے اہلخانہ نے 6 لاکھ 75 ہزارروپے تاوان دیے تو دونوں کو رہا کردیا گیا۔
مغوی کے اہلخانہ نے پولیس حکام کو اطلاع دی تو تینوں اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے اپنی مدعیت میں تینوں اہلکاروں کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں کے موبائل فونز کو فرانز ک کےلیے بھجوادیا گیا ہے۔





















