تاجر رہنما نعیم میر نے کہا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وعدہ کیا تھا کہ ایئرکوالٹی انڈیکس بہتر ہونے پر لاک ڈاون ختم کردیں گے اب کل کا لاک ڈاؤن فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کریں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم میر کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پریس کانفرنس کی تھی کہ جمعے کی چھٹی کا فیصلہ تاجروں کی مشاورت سے کریں گے جس کے بعد کمشنر لاہور نے تاجروں کا اجلاس بلایا جس میں طے پایا کہ جمعرات اور جمعہ کو کاروبار کرنے کی اجازت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں۔ سمارٹ لاک ڈاؤن ، لاہور پولیس استثنیٰ کے باوجود اہم مارکیٹیں بند کرانے لگی
نعیم میر نے کہا کہ اجلاس میں ہفتہ اور اتوار لاہور کی مارکیٹوں کو بند رکھنے کا فیصلہ ہوا لیکن مختلف مارکیٹوں کے صدور کو پولیس کی رات گئے کال آئی کہ مارکیٹیں نہیں کھلیں گی، شاہ عالم کے تاجر کے ساتھ رات گئے پولیس گردی کی گئی، صبح جب مارکیٹ میں پہنچے تو ہم سے پہلے پولیس پہنچ گئی۔
نعیم میر نے کہا کہ پولیس نے گارڈ اور ہمارے لوگوں کے ساتھ زبردستی کی، وزیراعلیٰ کا بیان اور پولیس کی کاروائی دو متضاد کام ہیں، آج کا سارا دن اسی لڑائی جھگڑے میں ضائع ہو گیا، وزیر اعلیٰ لاک ڈاؤن فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کریں۔