پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے والد اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر انتقال کر گئے، ان کا نماز جنازہ کل دوپہر 1:30 بجے قذافی سٹیڈیم کے باہر ادا کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق میاں اظہر کافی عرصہ سے علیل تھے اور ان کا علاج جاری تھا۔ میاں اظہر این اے 129 لاہور سے قومی اسمبلی کے رکن بھی تھے ۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرے پیارے والد میاں محمد اظہر قضائے الہیٰ سے انتقال کر گئے ہیں، ان کی نماز جنازہ کل 23 جولائی دوپہر ڈیڑھ بجے قذافی سٹیڈیم لاہور کے باہر ادا کیا جائے گا۔
گورنر پنجاب
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے میاں اظہر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میاں اظہر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
مریم نوازشریف نے سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کیاہے ۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان
عبدالعلیم خان نے میاں اظہر کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینئرسیاستدان میاں اظہر شریف النفس شخصیت کے مالک تھے، میاں محمد اظہر کی سیاسی و قومی خدمات کو تا دیر یاد رکھا جائے گا۔





















