سپریم کورٹ کے جسٹس مظاہر نقوی نے اپنے خلاف شکایت پر ابتدائی جواب سپریم جوڈیشل کونسل میں جمع کرا دیا۔
سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس مظاہر نقوی کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کی کاپی سماء نے حاصل کر لی جس کے مطابق انہوں نے کونسل پر اعتراضات اٹھا دیئے ہیں۔
جسٹس مظاہر نقوی کی جانب سے چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس سردار طارق اور جسٹس نعیم اختر افغان کی کونسل میں شمولیت پر اعتراض عائد کیا گیا ہے۔
اپنے جواب میں جسٹس مظاہر نقوی نے موقف اختیار کیا کہ میرے اس جواب کو میرٹس پر جواب تصور نہ کیا جائے ، متعلقہ مواد ملنے تک میرٹ پر جواب دینے سے قاصر ہوں ، انصاف کا تقاضا ہے چیف جسٹس ، جسٹس سردار طارق اور جسٹس نعیم افغان کارروائی سے الگ ہوں۔
جسٹس مظاہر نقوی نے سپریم جوڈیشل کونسل سے ریفرنس کے ساتھ شواہد کی نقول بھی مانگی ہیں۔