وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے ) کو برطانوی فضاؤں میں پرواز کی دوبارہ اجازت ملنے سے قومی وقار بحال ہوا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے خصوصی بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئر لائنز پر عائد پابندی کے خاتمے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے قومی ایئرلائن کو نقصان پہنچا تھا اور اب پروازوں کی بحالی سے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی بحالی سے اہلخانہ اور دوستوں کا دوبارہ ملنا آسان ہوگا۔
انہوں نے پروزاوں کی بحالی کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور ایوی ایشن ٹیم کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا قومی ایئرلائن کے وقار کی بحالی سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بہتر ہوئی ہے۔






















