بلوچستان تندور ایسوسی ایشن نے کل (جمعہ کو) کوئٹہ میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔ کہتے ہیں انتظامیہ کی جانب سے مہاجر کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کو بلا جواز تنگ کیا جارہا ہے۔
چیئرمین بلوچستان تندور ایسوسی ایشن نعیم خلجی اور انجمن تاجران کے عہدیداروں نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کے انخلاء کیلئے کارروائیوں کے دوران مہاجر کارڈ رکھنے والے افغان شہریوں کو بھی تنگ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں اب تک 300 تندور بند ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے احتجاجاً جمعہ کو کوئٹہ کے تمام تندور بند رہیں گے۔
مقامی رہنماآن کا کہنا ہے کہ تندور مالکان کو بلا جواز تنگ کرنے کا سلسلہ بند نہ ہوا تو احتجاج کو وسعت دیں گے۔
واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو 31 اکتوبر تک واپس افغانستان جانے کی ہدایت کی تھی، واپس نہ جانے والے غیرقانونی مقیم افغان باشندوں کیخلاف ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔