معروف اداکارہ نادیہ حسین کی جانب سے ایف آئی اے افسر پر مبینہ رشوت مانگنے کے الزامات کے معاملے میں تین ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ان کے موبائل فون کا فرانزک تجزیہ مکمل نہ ہو سکا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کراچی نے اداکارہ کے شوہر عاطف خان کی رہائی کے لیے مبینہ طور پر رشوت مانگنے والی ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے بعد ان کا موبائل فون تحویل میں لیا تھا۔
این سی سی آئی اے کے متعلقہ شعبے کا کہنا ہے کہ وہ موبائل فون کا کال لاگ کوڈ حاصل کرنے کے منتظر ہیں اور موبائل فون، جو فیس ان لاک فیچر سے لیس ہے، کے کھلنے کے بعد ہی فرانزک تجزیے کی رپورٹ جاری کی جا سکے گی۔
اداکارہ نے تین ماہ قبل تفتیشی افسر کو اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا لیکن تحقیقات ابھی تک تعطل کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ نادیہ حسین نے اپنے شوہر عاطف خان، جو نجی بینک میں 54 کروڑ روپے کی مبینہ خورد برد کے الزام میں ایف آئی اے کی حراست میں ہیں، کی رہائی کے لیے مبینہ ایف آئی اے افسر سے رشوت کے مطالبے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔
ایف آئی اے نے اداکارہ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت تحقیقات شروع کی تھیں جبکہ نادیہ حسین کا دعویٰ تھا کہ انہیں ایک جعلساز نے ایف آئی اے افسر بن کر رشوت کے لیے رابطہ کیا تھا۔






















