دیر کے سیاحتی مقام باڈگوئی ٹاپ اور جمرود میں برفباری سے سفیدی چھاگئی، سوات میں بارش اور نوشہرہ میں ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا۔
دیر کے سیاحتی مقام باڈگوئی ٹاپ پر شدید برفباری جبکہ کمراٹ اور تھل میں بارش ہوئی، باڈگوئی کے قریب ٹریفک برفباری سے بند ہوگیا، کئی سیاح واپس کمراٹ لوٹ گئے۔
رپورٹ کے مطابق جمرود کے پہاڑوں پر برفباری کے باعث ہر طرف سفیدی چھا گئی جبکہ سوات میں بارش اور نوشہرہ میں ژالہ باری سے موسم سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں تیز بارش اور کئی علاقوں می ژالہ باری ہوئی جس سے موسم ٹھنڈا ہوگیا، سہ پہر سے راولپنڈی اسلام آباد میں کالی گھٹائوں کا راج رہا، جس کے بعد بادل جم کر برسے جبکہ مری میں بھی بارش نے موسم سرد کردیا۔
ہری پور میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی، جس سے موسم سرد ہوگیا، بارش سے شہر کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، جی ٹی روڈ، سرکلر روڈ، موچی بازار، لوہار بازار کے نالوں میں اوور فلو ہوگیا۔
ایبٹ آباد شہر میں بارش، نتھیاگلی اور ایوبیہ میں ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، گلیات میں ژالہ باری سے موسم شدید سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مغربی علاقوں میں موجود ہے، بالائی علا قوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، پنجاب، کے پی، کشمیر گلگت بلتستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
میٹ آفس کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، بارش کا سلسلہ جمعہ کی دوپہر تک جاری رہنے کی پیش گوئی کردی۔
پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند چھا ئے رہنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک رہے گا۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں سرد رہا تاہم مغربی بلوچستان، جیکب آباد اورفیصل آباد میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش بلو چستان میں قلات09،بارکھان 05، کوئٹہ(شیخ ماندا02)، دالبندین01، سندھ میں جیکب آباد 06اور پنجاب میں فیصل آباد میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔