فلسطینی مزاحتمی تحریک حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 10 ہزار 569 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 4 ہزار 324 بچے بھی شامل ہیں۔
فلسطینی نیوز ایجنسی وفا کے مطابق شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں ایک ہسپتال کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں مزید 19 فلسطینی شہید ہوگئے اور خان یونس میں بھی ایک حملے میں چار افراد شہید ہوئے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد پچھلے 15 سالوں میں اسرائیل کے ساتھ تنازعات میں شہید ہونے والوں کی تعداد سے زیادہ ہیں۔
وفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں سڑکوں کو تباہ کرنے کے لیے بلڈوزر استعمال کر رہی ہیں۔
اسرائیلی فوجیوں کی ایک بڑی تعداد جمعرات کی صبح 70 گاڑیوں اور ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کی مدد سے کئی سمتوں سے جینن پر حملہ آور ہوئی اور اس موقع پر صہیونی فوجیوں کی فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔
دوسری جانب القسام بریگیڈز کی جانب سے بھی اسرائیلی افواج پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور 10 سے زائد ٹینکس جبکہ متععد گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔