اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خواجہ آصف کی مسلسل تنقید کے بعد وزیراعظم کو خط لکھ دیا، کابینہ کے حتمی فیصلے تک اضافی تنخواہ لینے سے انکار کردیا۔
اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کی مسلسل تنقید پر اسپیکر قومی اسمبلی ناراض ہوگئے، وزیراعظم کو خط لکھ کر شکایت لگادی۔
خط میں ایاز صادق نے مؤقف اختیار کیا کہ بے شک میری تنخواہ مت بڑھائیں میرا اس معاملے سے لینا دینا نہیں۔
سردار ایاز صادق نے معاملہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ پر چھوڑ دیا اور حتمی فیصلے تک اضافی تنخواہ لینے سے بھی انکار کردیا۔
واضح رہے کہ حکومت نے بجٹ سے پہلے ہی چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں کئی سو فیصد اضافہ کردیا تھا، جس پر سیاسی اور عوامی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی تھی۔
سینیٹ چیئرمین یوسف رضا گیلانی کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی جبکہ اسپیکر ایاز صادق کا تعلق حکمران جماعت مسلم لیگ ن سے ہے۔



















