وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بل میں پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی صارفین کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں تقریب کے دوران ’’اپنا میٹر اپنی ریڈنگ‘‘ پاور اسمارٹ ایپ کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملک بھر میں بجلی بلوں میں عائد پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انتھک محنت سے بجلی قیمتوں میں کمی کی کوششیں کامیاب ہوئیں، اصلاحات آگے بڑھانے کیلئے وزیر توانائی، ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں کمی کا فائدہ بجلی شعبے میں منتقل کیا گیا، توانائی کے شعبے میں بجلی چوری اہم مسئلہ ہے، جسے حل کرنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شمسی توانائی کے فروغ سے بجلی کھپت میں کمی ہوئی، بجلی صارفین کے حقوق کا تحفظ کریں گے، پائیدار ترقی کے مراحل کیلئے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اپنا میٹر اپنی ریڈنگ کے ذریعے ٹیکنالوجی کا فروغ اہم اقدام ہے، اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ منصوبے کا باضابطہ اجراء باعث اطمینان ہے۔






















