بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سلیازہ میں سیلابی ریلے نے دو گاڑیوں کو بہا لیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک خاتون، دو جوان لڑکیاں اور ایک چھوٹی بچی شامل ہیں جبکہ تمام افراد کا تعلق ملتان سے تھا اور ان کی لاشیں ژوب کے ٹراما سینٹر منتقل کر دی گئیں۔
لیویز فورس کے مطابق ایک اور خاتون کو سیلابی ریلے سے زندہ نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ریسکیو آپریشن میں لیویز فورس اور مقامی لوگوں نے حصہ لیا جو بدستور جاری ہے۔
ہرنائی
ہرنائی میں بھی سیلابی ریلے نے تباہی مچائی جہاں تین افراد سیلاب میں پھنس گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر ہرنائی ولی کاکڑ کے مطابق لیویز فورس نے کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے تینوں افراد جن کی شناخت حضرت سید، ذیشان، اور ریحان کے نام سے ہوئی کو بحفاظت نکال لیا۔
صوابی
خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور آدینہ خوڑ میں سیلابی صورتحال کے نتیجے میں چار افراد، جن میں دو خواتین اور دو بچے شامل تھے، پھنس گئے۔
ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ڈیزاسٹر ٹیم موقع پر پہنچی اور تمام پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلابی ریلوں کے خطرے کے پیش نظر ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔






















