پرتگال کے بین الاقوامی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو اور سعودی عرب کے معروف کلب النصر کے درمیان معاہدے میں دو سال کی توسیع ہوگئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی پرو لیگ نے اعلان ہے کہ معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب کے ساتھ توسیعی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔
اس طرح پرتگال سے تعلق رکھنے والے فارورڈ نے اپنی 42 ویں سالگرہ سے پہلے النصر کلب کے ساتھ ہی اپنا سفر مزید دو سال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی کلب کی جانب سے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا گیا کہ کرسٹیانو رونالڈو 2027 تک کلب کے ساتھ منسلک رہیں گے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب میں اپنے قیام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں خوش ہوں، میرا خاندان خوش ہے، ہم نے اس خوب صورت ملک میں ایک نئی زندگی کا آغاز کیا۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو نے 2022 میں برطانوی کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ کر ریاض کے النصر کلب میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ النصر کلب کی جانب سے اب تک 105 میچوں میں ریکارڈ 93 گول کر چکے ہیں۔



















