اسلام آباد ہائی کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست پر دوران سماعت عدالت نے پی ٹی اے کے جواب کو غیرتسلی بخش قرار دے دیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیئے پی ٹی آئی وکیل سلمان اکرم راجا کی بانی سے ملاقات ہو گئی تو 24 فروری کو حتمی دلائل ہوں گے ۔ ملاقات نہ کروانے کی صورت میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد آفس توہین عدالت درخواست میں تفصیلی جواب جمع کروائے۔
پی ٹی آئی وکیل سلمان اکرم راجا نے مؤقف اپنایا انہوں نے میرے خلاف کیس کیا ہوا ہے لیکن مجھے میرے کلائنٹ سے ملنے کی اجازت نہیں ۔ بانی کو قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے۔ آپ کے ملاقات کروانے کے 4 نومبر کے آرڈر پر دو ماہ سے عمل نہیں ہو رہا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ کیا میں آج اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے جاؤں ؟ جسٹس ارباب محمد طاہر نے سرکاری وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا دوسرے فریق کے وکیل کی کلائنٹ سے ملاقات ہو گی تو ہی یہ کیس آگے بڑھے گا ۔ آپ دیکھ لیں رٹ پٹیشن کیا اور پی ٹی اے کا جواب کیا ہے ۔ جو بھی کہنا ہے وہ تحریری طور پر جمع کروا دیں ۔ اس حوالے سے مناسب آرڈر جاری کر دیں گے ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی۔





















