ملکی تبادلہ مارکیٹوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ بدستور تیسرے ہفتے بھی جاری ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق آج انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید 51 پیسے کا اضافہ ہوگیا، جس سے انٹربینک میں ڈالر286 روپے 39 پیسے پر جاپہنچا۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے مہنگا ہوکر 288 روپے کا ہوگیا۔
ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی طلب برقرار ہے،جس کے باعش ڈالر کی قیمت مزید بڑھ رہی ہے۔ 17 روز میں انٹر بینک میں ڈالر ساڑھے 9 روپے مہنگا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 11 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔
قبل ازیں اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر 280 روپے 57 پیسے پر بند ہوا تھا جبکہ گزشتہ سے پیوستہ ہفتے کے آخری روز انٹربینک میں ڈالر 280 روپے 57 پیسے پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 17 اکتوبر کو ایک ڈالر کی قیمت انٹر بینک میں 276.83 روپے کی سطح تک گر گئی تھی جو ستمبر کے شروع میں 307.10 کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھی۔ اس کے بعد سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن اور ایکسچینج کمپنیوں کے ضوابط میں ترمیم کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ شروع ہوا تاہم 17 اکتوبر کے بعد سے ڈالر کی قیمت میںمسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔