ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں غیر معمولی تیزی دیکھی گئی، جسے مارکیٹ کی تاریخ کی دوسری سب سے بڑی تیزی قرار دیا جا رہا ہے جبکہ ایک ہی دن میں ہنڈریڈ انڈیکس نے 6500 پوائنٹس کی شاندار چھلانگ لگائی اور 116,000 سے بڑھ کر 122,246 پوائنٹس پر بند ہوا۔
منگل کو کاروبار کے آغاز پر ہی مارکیٹ میں 4000 سے زائد پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور کے ایس ای-30 انڈیکس میں 5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ یہ مسلسل پانچ منٹ تک اسی سطح پر ٹریڈ ہوتا رہا جس کے باعث قواعد کے مطابق ٹریڈنگ کو ایک گھنٹے کے لیے روکنا پڑا۔
سابق ڈائریکٹر پی ایس ایکس ظفر موتی نے اسے "کولنگ پیریڈ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران سودوں کی سیٹلمنٹ ہوتی ہے۔
سابق ڈائریکٹر پی ایس ایکس عابد علی حبیب نے کہا کہ یہ غیر معمولی تیزی ایران، اسرائیل جنگ بندی اور پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ کے حل کے مشترکہ اثر کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے پیش گوئی کی کہ مارکیٹ جلد ہی 135,000 سے 140,000 پوائنٹس کی سطح کو چھو سکتی ہے۔
ایک گھنٹے کے وقفے کے بعد جب مارکیٹ دوبارہ کھلی تو تیزی کا رجحان مزید بڑھ گیا اور ایک ہی دن میں چھ نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں۔
اسٹاک تجزیہ کار شہریار بٹ نے کہا کہ یہ دن مارکیٹ کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل رہا اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔
کاروبار کے اختتام پر ہنڈریڈ انڈیکس 6079 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 122,246 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ 37.5 ارب روپے مالیت کے 80 کروڑ شیئرز کا نمایاں لین دین ہوا۔





















