ٹیلی کام کے شعبہ کی فی صارف اوسط ریونیو (اے آر پی یو) میں گزشتہ 5 سال کے دوران 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ٹیلی کام سیکٹر کا اوسط فی صارف ریونیو 313 روپے ماہانہ تک بڑھ گیا ہے جبکہ مالی سال 20-2019 کے دوران فی صارف ریونیو 209 روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اس طرح گزشتہ پانچ سال کے دوران ٹیلی کام سیکٹر کے اے آر پی یو میں 104 روپے یعنی 49.76 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اے آر پی یومیں اضافہ کا بنیادی سبب ڈیٹا صارفین کی تعداد میں ہونے والا اضافہ اور براڈ بینڈ کی خدمات کا فروغ ہے۔
رپورٹ کے مطابق شعبہ کے اوسط فی صارف ریونیو میں اضافہ ملک میں ڈیجیٹل کے شعبہ کی ترقی کا عکاس ہے تاہم خطے کے دیگر ممالک کے مقابلہ میں پاکستان میں اے آر پی یو کی شرح نسبتاً کم ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلسل تین سال کے دوران اے آر پی یو تقریباً 210 روپے فی صارف رہنے کے بعد مالی سال 20-2019 میں اے آر پی یو 209 روپے رہا تھا جس کے بعد سے اس میں اضافہ کا تسلسل جاری ہے اور مالی سال 22-2021 میں اے آر پی یو کی اوسط شرح 212 روپے جبکہ 23-2022 میں 229 روپے ، 24-2023 میں 276 روپے جبکہ رواں مالی سال 25-2024 کے دوران اے آر پی یو کی اوسط شرح 313 روپے تک پہنچ چکی ہے۔






















