اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری بڑے کریک ڈاؤن کے دوران 26 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق 2 روز کے دوران گرفتار کئے جانے والے ملزمان کے قبضے سے 4 کلو 983 گرام ہیروئن اور 8 کلو 550 گرام چرس بھی برآمد کی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اسلام آباد پولیس کے آفیشل اکاؤنٹ کے ذریعے جاری کئے گئے بیان میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ( آئی سی سی پی او) ڈاکٹر اکبر ناصر خان کے خصوصی احکامات پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور تمام ڈی پی اوز کو اپنی زیرنگرانی کارروائیاں مزید تیز اور موثر بنانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن،گزشتہ 48گھنٹوں کے دوران 26 منشیات فروش گرفتار۔
— Islamabad Police (@ICT_Police) September 12, 2023
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 04 کلو983 گرام ہیروئن اور 08 کلو 550 گرام چرس برآمد،ملزمان کیخلاف مختلف تھانہ جات میں مقدمات درج۔
آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر…
بیان کے مطابق ڈاکٹر اکبر ناصر خان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے اور شہر سے منشیات کے خاتمے کے لئے یہ خصوصی کارروائیاں جاری رہیں گی، کسی بھی عناصر کو نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وفاقی پولیس کی جانب سے اپیل کی گئی کہ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کے بارے میں اپنے متعلقہ تھانہ یا پکار-15 پر اطلاع دیں۔