سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ دوستوں اور دشمنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آئیں الیکشن لڑیں۔ جمہوریت ہوگی تو اچھا نتیجہ سامنے آئے گا۔ آج کے دور میں مارشل لا لگانا آسان نہیں۔
گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کے دوران سابق آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ الیکشن میں ہمارے مخالفین کو بسم اللہ،آئیں کھڑے ہوں۔ مخالفین اپنی سیاست کریں، ہم اپنی سیاست کریں گے، کسی کوسیاست سے نہیں روکتے، سب کی اپنی سیاست ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لیناچاہیے، معیشت مضبوط ہوگی توملک ترقی کرےگا، پاکستان کو بچائیں گے اور اس کا حق لے کررہیں گے، مزید کہا کہ سمندر کا پانی صاف کرکے عوام کوفراہم کریں گے، اندرون سندھ ترقیاتی کام کرائیں گے۔ ہم نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی سیاست کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے بارڈرکے اس پار کیا ہورہاہے، ہمیں پتہ ہے پاکستان کی کیاقیمت ہے، ہماری دھرتی سے یاری ہے،اسی دھرتی پر مرنا ہے، پاکستان کو بنایا سندھ نے ہے،بچانا بھی سندھ نے ہے۔ بی بی صاحبہ کو دفن کرکے بھی کہا پاکستان کھپے۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اختیارات کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کو نہیں ہٹایا گیا، انہیں کام کرناآتاہےنہ کرواناآتاہے، ان سے ترقی نہیں ہورہی تھی۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت آئے گی تو فلسطین کی مدد کرے گی، وقت آئے گا تو فلسطین کی مدد کریں گے، فلسطین میں ظلم ہورہا ہے،افسوس اس کیلئے کچھ نہیں کررہے۔ میں پہلا سیاستدان تھا جس نے فلسطین کی بات کی تھی۔