عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے ایرانی ایٹمی پروگرام سے منسلک دو تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے نقصانات کی تفصیل جاری کردی۔
عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ ایران کے علاقے کرج میں اسرائیلی بمباری سے ایٹمی تنصیبات سے منسلک دو عمارتیں تباہ ہوئیں، حملے میں سینٹری فیوجز کے پرزے بنانے والی فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی اے ای اے نے مزید بتایا کہ اسرائیل نے تہران میں سینٹری فیوجز روٹرز کی تیاری کے پلانٹ پر بھی حملہ کیا، اس پلانٹ پر سینٹری فیوجز کے تجربات بھی ہوتے تھے۔
واضح رہے کہ ترجمان ایرانی دفتر خارجہ اسماعیل بقائی نے عرب میڈیا کو انٹرویو میں کہا ہے کہ اسرائیل نے امریکی گرین سگنل کے بغیر ہم پر جنگ مسلط کردی، فی الحال ہماری توجہ دشمن سے لڑنے اور اپنے دفاع پر ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام عالمی قوانین کے مطابق ہے، عالمی توانائی ایجنسی کو اسرائیل سے پوچھنا چاہئے کہ اس نے ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیوں کیا۔





















